وی وینکٹیشورراؤ کی بغاوت سے تعداد گھٹ کر11 ہوگئی
حیدرآباد۔/16 مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کیلئے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی کانگریس ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ تاحال 8 ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس قیادت سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ یلاریڈی حلقہ کے کانگریس رکن اسمبلی جے سریندر نے بھی پارٹی سے انحراف کا فیصلہ کیا ہے اور وہ بہت جلد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ بھدرا چلم کے سینئر کانگریسی رکن اسمبلی ونما وینکٹیشور راؤ اور ایل بی نگر کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کل ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے شمولیت کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔اسمبلی میں کانگریس ارکان کی تعداد 19 تھی جو دن بہ دن گھٹ کر اب 11 ہوچکی ہے اور اگر یلاریڈی کے رکن اسمبلی بھی شمولیت اختیار کرلیں تو کانگریس کی تعداد گھٹ کر محض 10 رہ جائے گی اور پارٹی اسمبلی میں مسلمہ اپوزیشن کے موقف سے محروم ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن کا عہدہ برقرار رکھنے کیلئے کانگریس کو 12 ارکان کی ضرورت ہے اور موجودہ تعداد گھٹ کر 11 ہوچکی ہے۔ ابھی تک جن ارکان اسمبلی نے انحراف کیا ان میں آر کانتا راؤ، اے سکو، سی ایچ لنگیا، بی ہری پریا نائیک، سبیتا اندراریڈی، کے اوپیندر ریڈی، سدھیر ریڈی اور ونما وینکٹیشور راؤ شامل ہیں۔