کانگریس لیڈر سلطان احمد کی آج ٹی آر ایس میں شمولیت

حیدرآباد /26 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن قانون ساز کونسل سلطان احمد اور اُن کے فرزند محمد ذوالفقار احمد زرعی مارکٹ کمیٹی کے صدر نشین اپنے حامیوں کے ساتھ 27 فروری کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ضلع عادل آباد سے تعلق رکھنے والے سلطان احمد کا شمار کانگریس کے سینئر قائدین میں ہوتا ہے، وہ قانون ساز کونسل کی نمائندگی کے علاوہ تنظیمی عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انھوں نے کانگریس پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کیا، تاہم پارٹی میں نظرانداز کرنے کے سبب وہ کچھ دنوں سے پارٹی سرگرمیوں سے دُور تھے۔ اب چیف منسٹر تلنگانہ، وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کی خواہش پر انھوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ کل چار بجے اپنے حامیوں کے ساتھ چیف منسٹر کیمپ آفس پہنچ کر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہو جائیں گے۔ دریں اثناء جناب سلطان احمد نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی تہذیب و تمدن سے وہ بخوبی واقف ہیں، ریاست تلنگانہ کے لئے ان کے اقدامات ناقابل فراموش ہیں، بالخصوص اقلیتی بجٹ میں اضافہ، شادی مبارک اسکیم، اجمیر شریف میں رباط کا قیام اور دیگر فلاحی اسکیموں سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں تعاون کے لئے وہ حکمراں جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔ انھوں نے ٹی آر ایس کو ایک سیکولر جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی میں مذہبی اور طبقاتی بھید بھاؤ نہیں ہے، جناب محمد محمود علی کو تلنگانہ ریاست کا ڈپٹی چیف منسٹر بنانا اس بات کا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ ایک ویژن رکھتے ہیں، ان کے پاس ہر ضلع کی ترقی کے لئے ایجنڈا ہے۔