کانگریس قائدین پر توہین کا الزام : آر سی کنٹیا

گاندھی بھون میں اجلاس ، سکریٹری اے آئی سی سی کا اظہار برہمی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا نے کانگریس قائدین پر توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ۔ ہائی کمان کی منظوری سے قبل غلام نبی آزاد کو تلنگانہ کا انچارج قرار دینے اور سوشیل میڈیا میں ان کا خیر مقدم کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ آئندہ مرحلے کی پرجا چیتنیہ بس یاترا کو قطعیت دینے کے لیے آج گاندھی بھون میں کانگریس قائدین کا ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا جس میں آر سی کنٹیا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آر سی کنٹیا نے اجلاس میں موجود قائدین سے استفسار کیا کہ جب وہ تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج ہیں تو سوشیل میڈیا میں غلام نبی آزاد کا کیوں خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان ہوئے بغیر اس طرح کی حرکت کرنا ان کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ میں ہی انچارج برقرار رہو مجھے ایسا کوئی شوق نہیں ہے ۔ ہائی کمان کی جانب سے غلام نبی آزاد کو انچارج نامزد کیا جاتا ہے تو جب جو چاہے کرلیں ۔ غیر ضروری سوشیل میڈیا پر تشہیر کرنے والوں کے خلاف کیوں نہ تادیبی کارروائی کی جائے وضاحت کرنے کی تلنگانہ قائدین سے خواہش کی ۔ کرناٹک کے بعد کانگریس ہائی کمان تلنگانہ پر امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں اور آر سی کنٹیا کے بجائے غلام نبی آزاد کو انچارج بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے مگر ابھی تک سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ لیکن پارٹی قائدین نے سوشیل میڈیا پر جس جوش و جذبہ کا اظہار کیا ہے ۔ اس پر آر سی کنٹیا نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔۔