کانگریس قائدین نے گورنر کے ایٹ ہوم کا بائیکاٹ کیا

حیدرآباد 26 جنوری ( این ایس ایس ) کانگریس قائدین نے آج یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی جانب سے راج بھون میں منعقدہ ایٹ ہوم میں شرکت نہیں کی ۔ پارٹی قائدین نے الزام عائد کیا کہ گورنر کا کام دستور کا تحفظ ہے لیکن وہ خود دستور کا مضحکہ اڑا رہے ہیں۔ یہ روایت ہے کہ گورنر کی جانب سے ہر سال 15 اگسٹ یوم آزادی اور 26 جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر راج بھون میں ایٹ ہوم کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور دونوں تلگو ریاستوں کی اہم شخصیتیں اس میں شرکت کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں بشمول اصل اپوزیشن کانگریس قائدین کی جانب سے حالیہ دنوں میں گورنر کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ گورنر نے کالیشورم پراجیکٹ کا حال میں دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی ستائش کی تھی ۔ اس پس منظر میں کانگریس قائدین نے گورنر کے ایٹ ہوم کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔