کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والی ہری پریہ پر سنگباری

حیدرآباد ۔ 4 مئی (شاہنواز بیگ کی رپورٹ) کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے والی رکن اسمبلی ایلندو پر آج ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جس میں ان پر مقامی عوام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سنگباری کرتے ہوئے انہیں یہاں سے فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایلندو کے ایک مقام پر ہری پریہ انتخابی مہم چلارہی تھی۔ اچانک کانگریس اور مقامی عوام نے ان سے سوال کیا کہ آخر آپ کیوں کانگریس سے علحدہ ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے اس کا ہمیں جواب دیں۔ عوام کے اس سوال کو انہوں نے نظرانداز کردیا جس پر حالات بگڑ گئے اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
ان سے پوچھا گیا کیا عوام آپ کی نظروں میں بیوقوف ہے، جب جی چاہا پارٹی تبدیل کردیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے حالات کشیدہ ہوگئے اور اسی دوران کانگریس اور ٹی آر ایس کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے سب کو منتشر کردیا۔ عوام نے انہیں انتباہ دیا کہ انٹرمیڈیٹ نتائج کے بعد خودکشی کرنے والے طلباء سے اظہارتعزیت کے بعد ہی وہ اس علاقے میں دوبارہ نظر آئیں ورنہ ادھر کا رخ نہ کریں۔