کانگریس سے استعفیٰ کا شاخسانہ

گاندھی بھون سے کرن کمار ریڈی کی تصاویر کو نکال دیا گیا

حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) گاندھی بھون سے کرن کمار ریڈی کی تصاویر ہٹا دی گئیں۔ ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر اور رکن قانون ساز کونسل جناب محمد علی شبیر نے سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کی تصاویر گاندھی بھون سے نکال پھینکی اور سابق چیف منسٹر کی تصاویر کی جگہ پر مرکزی وزیر جناب غلام نبی آزاد کی تصاویر آویزاں کردی گئیں۔ مسٹر کرن کمار ریڈی نے چیف منسٹر، رکن اسمبلی کے عہدہ کے ساتھ ساتھ کانگریس سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر پیدا شدہ اختلاف کے بعد مستعفی ہونے والے کرن کمار ریڈی کی تصاویر گاندھی بھون سے نکال باہر کردی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ قائدین نے متفقہ طور پر کئے گئے اس فیصلے کے بعد یہ کارروائی کی ہے اور ان کی تصویر کی جگہ مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد کی تصویر آویزاں کی گئی ہیں۔

گاندھی بھون میں آج تلنگانہ ارکان پارلیمان و قائدین کے استقبال کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ سے قبل کی گئی اس کارروائی پر سب کے سب حیرت زدہ رہ گئے چونکہ اب بھی آندھرا پردیش کے پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا خدمات انجام دے رہے ہیں اور ایسی صورت میں کرن کمار ریڈی کی تصاویر کو نکالا جانا باعث حیرت تصور کیا جارہا ہے جبکہ تلنگانہ قائدین کا استدلال ہے کہ انہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے والے کرن کمار ریڈی کی تصاویر نکالی ہیں جس میں کوئی حیرت یا تعجب کی بات نہیں ہے۔ تلنگانہ قائدین نے بتایا کہ سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے جو قائدین کانگریس اعلیٰ کمان کے فیصلہ کا احترام کررہے ہیں، ان سے انہیں کوئی شکوہ نہیں ہے۔