کانگریس رکن اسمبلی سریدھر بابو کے خلاف انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے شکایت

غیر محسوب اثاثہ جات کا الزام، تحقیقات کیلئے ٹی آر ایس قائدمدھوکر کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 5۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی پی مدھوکر نے کانگریس کے رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو کے خلاف انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے شکایت کی ہے۔ پی مدھوکر نے آج ڈائرکٹر جنرل انکم ٹیکس سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی کہ جس میں کانگریسی رکن اسمبلی پر آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے اور بے نامی دولت کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے اس معاملہ کی جانچ کی خواہش کی ہے۔ مدھو کر نے یادداشت کے ساتھ بعض دستاویزات بھی حوالے کئے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ سریدھر بابو کے علاوہ ان کے قریبی حامی اے سرینواس بھی غیر محسوب اثاثہ جات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منتھنی کے رکن اسمبلی جو سابق میں حکومت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، اعلان کردہ اثاثہ جات سے زیادہ کے مالک ہیں۔ غیر قانونی طریقوں سے انہوں نے یہ دولت حاصل کی ہے جس میں گانجہ کی پیداوار اور قیمتی لکڑیوں کی اسمگلنگ شامل ہے ۔ بعض افرا داس دولت کو مختلف کاروبار میں رکن اسمبلی کی جانب سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے سے تعلق کے سبب انکم ٹیکس کے حکام نے کبھی بھی سریدھر بابو کی آمدنی کی جانچ کی کوشش نہیں کی ۔ حالانکہ وہ غیر قانونی آمدنی سے شان و شوکت کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اسی دوران کانگریس پارٹی کے حلقوں میں ٹی آر ایس سابق رکن اسمبلی کی شکایات کو مسترد کردیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس ارکان کو ہراساں کرنے کیلئے یہ حربہ استعمال کیا گیا۔