وزیرداخلہ کو او ایس ڈی تبدیل کرنے کا مشورہ، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی وزراء کو ہدایت
حیدرآباد۔/8جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تمام وزراء کو ہدایت دی کہ وہ کانگریس دور حکومت کے وزراء کے پاس خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کو اپنے دفتر میں مامور نہ کریں۔ کے سی آر نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کے طور پر مقرر کردہ شخص کو تبدیل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کو یہ اطلاع ملی کہ سابق کانگریس دور حکومت کے وزراء کے پاس اوایس ڈی، پی ایس، پی اے اور پی آر او کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے عہدیدار اب ٹی آر ایس کے وزراء سے رجوع ہورہے ہیں تاکہ انہیں ان کی پیشی میں تعینات کیا جائے۔ انٹلیجنس کی اطلاع پر کہ سابق دور حکومت کے وزراء کی پیشیوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے قاعدگیاں انجام دی گئی تھیں لہذا چیف منسٹر نے تمام وزراء کو پابند کیا کہ وہ کانگریس دور حکومت کے کسی بھی عہدیدار کو اپنی پیشی میں تقرر نہ کریں۔ انہیں اس بات کی اطلاع ملی کہ سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی کے پاس OSDکی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے شخص کو موجودہ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے اپنی پیشی میں مقرر کیا ہے۔ چیف منسٹر نے فوری نرسمہا ریڈی سے ربط پیدا کرتے ہوئے اس عہدیدار کو تبدیل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بدعنوان عہدیداروں کو کوئی موقع نہ دیا جائے جو تجربہ کی آڑ میں دوبارہ وزراء کی پیشی میں آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزراء سے کہا کہ صاف و شفاف کردار کے حامل عہدیداروں کو اپنی پیش میں تعینات کریں بھلے ہی وہ تجربہ نہ رکھتے ہوں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ تجربہ حاصل ہوجائے گا اور حکومت کی نیک نامی متاثر نہیں ہوگی۔