گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور کا الزام، کے سی آر حکومت میں پسماندہ طبقات کی حقیقی بھلائی کا دعوی
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ دلتوں کی بھلائی کو نظرانداز کرنے والی کانگریس پارٹی تلنگانہ میں دلتوں کے حق میں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں دلتوں اور دیگر طبقات کی بھلائی کے لیے کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت انقلابی قدم اٹھارہی ہے۔ تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل نیرڈلہ میں جو واقعہ پیش آیا تھا اسے کانگریس سیاسی مقصد براری کے لیے استعمال کررہی ہے، حالانکہ اس واقعہ کا کوئی سیاسی پہلو نہیں ہے۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما رائو کو نشانہ بنانے کے لیے اس واقعہ پر کانگریس نے احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اس واقعہ کی آڑ میں ٹی آر ایس حکومت اور کے ٹی راما رائو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ کے ایشور نے کہا کہ کانگریس نعشوں کی سیاست کررہی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو پر الزام تراشی کا مقصد دلتوں کو حکومت کے بارے میں گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیرڈلہ کے واقعہ کے بعد حکومت اور کے ٹی آر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی گئی۔ امن و ضبط کی صورتحال سے متعلق اس واقعہ کو کانگریس سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے ریت مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ کانگریس دورِ حکومت میں ریت مافیا کا راج تھا اور کانگریس قائدین نے انہیں پروان چڑھایا۔ 23 اضلاع پر مشتمل متحدہ آندھراپردیش میں ریت کی منتقلی سے حکومت کو 10 کروڑ روپئے آمدنی بھی نہیں ہوئی تھی۔ کانگریس قائدین ریت مافیا کی سرپرستی میں تھے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 10 اضلاع سے 1500 کروڑ روپئے کی آمدنی حکومت کو ہوئی۔ تلنگانہ کی ریت پالیسی کی ملک کی دیگر ریاستوں نے ستائش کی ہے۔ کانگریس برسر اقتدار ریاست پنجاب کے وزیر نوجود سنگھ سدھو نے عہدیداروں کے وفد کے ساتھ حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے ریت پالیسی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بہتر ریت پالیسی تلنگانہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسی پالیسی کو اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین تلنگانہ کی اسکیمات کے قائل ہیں لیکن تلنگانہ کے کانگریس قائدین سیاسی فائدہ کے لیے حکومت کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں۔ ایشور نے کہا کہ ملک میں دلتوں کی اصل دشمن کانگریس پارٹی ہے تلنگانہ کے دلت ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور وہ کانگریس کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد دلتوں کی عزت نفس میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کریں ورنہ ریاست کے ایس سی ایس ٹی اسمبلی حلقوں میں کانگریس امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔