قائدین کی خوب آمدنی ، پالیرو میں پراجکٹس راہداری کا افتتاح ، ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں قائدین نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر اپنی جیبوں کو بھرنے کا کام کیا اور پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ نہیں دی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے اپوزیشن پر پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے آج کھمم میں پالیرو پراجکٹ کی راہداری کا افتتاح انجام دیا جس کے تحت کھمم کے کئی علاقوں کو آبپاشی کیلئے پانی سیر آب کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں پراجکٹس کے لئے صرف سنگ بنیاد رکھے گئے لیکن ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور حکومت ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیرآب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں ٹی آر ایس حکومت نے پراجکٹس کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت پراجکٹس کی تکمیل کیلئے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیرو پراجکٹس کے تحت دو فصلوں کیلئے پانی سیر آب کیا جاسکتا ہے۔ ہریش راؤ نے کانگریس دور حکومت میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں میں ملوث قائدین آج ٹی آر ایس دور حکومت میں پراجکٹس کی تکمیل نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں فرضی کسانوں کے نام پر مقدمات درج کرتے ہوئے پراجکٹس کی تکمیل کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کیلئے اراضی کا حصول کسانوں کی مرضی کے مطابق کیا جارہا ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں ناانصافی کا الزام عائد کر رہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مقررہ مدت میں پراجکٹس کی تکمیل حکومت کا نشانہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پالیرو سے 25,000 ایکر اراضی کو سیرآب کیا جاسکے گا۔ وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے اس موقع پر کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کر رہے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل سے کسانوں کی بھلائی ممکن ہوگی اور خوشحالی آسکتی ہے۔ کانگریس اور تلگو دیشم دور میں کسان خودکشی پر مجبور تھے لیکن آج کسان حکومت کے اقدامات سے مطمئن اور خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی لاکھ مخالفت کے باوجود کے سی آر پراجکٹس کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو آئندہ سال سے دو فصلوں کیلئے فی ایکر 8000 روپئے کی امداد دی جائے گی۔