ممبئی کانگریس کی وضاحت کے بعد ہائی کمان نے مسئلہ ختم کردیا
ممبئی ۔29 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کانگریس نے اپنی ہی پارٹی کے ترجمان جریدہ میں جواہر لعل نہرو اور سونیا گاندھی کے بارے میں انتہائی قابل اعتراض اور سخت تنقیدوں پر مبنی مضامین کی اشاعت سے پیدا شدہ اُلجھن و پشیمانی کے درمیان آج کہا کہ یہ دراصل کانگریس کے سٹی یونٹ میں شامل کسی اندرونی شخص کی کارستانی ہے ۔ ممبئی ریجنل کانگریس کمیٹی ( ایم آر سی سی ) کے ذرائع نے کہا کہ ’’جی ہاں ! جریدہ میں شامل مضامین اور اس کے افشاء کے بارے میں شبہات سے پارٹی کی قیادت کو واقف کروادیا گیا ہے ۔ ان مضامین میں جواہر لعل نہرو اور سونیا گاندھی کو ان کی ساکھ متاثر کرتے ہوئے پیش کیا گیا تھا ۔ یہ دراصل کسی اندرونی شخص کی کارستانی ہے اور ایسے افراد نے یہ سبوتاج کیا ہے جو کچھ عہدہ پانے کی خواہش میں ناکامی کے بعد مایوس ہوگئے ہیں‘‘۔ اے آئی سی سی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ کانگریس کی ممبئی یونٹ کی جانب سے وضاحتی بیان دیئے جانے کے بعد پارٹی کی مرکزی قیادت نے اس مسئلہ کو رفع دفع کردیا ہے اور اب یہ مسئلہ ختم ہوچکا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا اس غلطی کے سرزد ہونے کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات شروع کی جائیں گی ، ذرائع نے جواب دیا کہ ’’ادارتی مواد کے رابطہ کار کو برطرف کردیاگیا ہے اور سارا مسئلہ یہیں ختم ہوچکا ہے ‘‘۔