کانگریس ترجمان ڈی شراون کی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

رجت کمار کے رویہ کی شکایت، کونسل کی نشستوں کے اعلامیہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون کی قیادت میں کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں مجالس مقامی کی کونسل کی نشستوں کے انتخابی اعلامیہ کے بارے میں نمائندگی کی ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کو فائدہ پہنچانے کیلئے عجلت میں اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جبکہ زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی نشستوں کیلئے انتخابی مرحلہ ابھی جاری ہے ۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ نومنتخب عوامی نمائندوں کے ذریعہ کونسل کی ان نشستوں کے انتخابات کرائے جاتے لیکن موجودہ ارکان کو حق رائے دہی فراہم کرتے ہوئے انتخابی اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ ڈاکٹر شراون نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار پر ٹی آر ایس کے حق میں کام کرنے کا الزام عائدکیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو مجاس مقامی کے جاریہ انتخابات میں کامیابی کا یقین نہیں ہے ۔ لہذا وہ موجودہ عوامی نمائندوں کے ذریعہ الیکشن کرا رہے ہیں تاکہ تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی جائے ۔ ڈاکٹر شراون نے کونسل کی تین نشستوں کے اعلامیہ کو کم از کم دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ جاریہ انتخابی عمل کی تکمیل ہوجائے اور نو منتخب زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی ارکان حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابات پر الیکشن کمیشن کو نظر رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے آدھی رات کو شیڈول کی اجرائی اور صبح سے پرچہ نامزدگی کو قبول کرنے پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے اشارہ پر چیف الیکٹورل آفیسر کام کر رہے ہیں ۔ کانگریس قائدین نے کونسل کی تین نشستوں کیلئے جاری کردہ اعلامیہ کو منسوخ کرتے ہوئے نومنتخب ارکان کے ساتھ دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا تاکہ نومنتخب زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی ارکان اپنی پسند کے امیدوار کا انتخاب کرسکے۔ ڈاکٹر شراون نے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں چیف الیکٹورل آفیسر کی جانبداری سے متعلق تفصیلات بیان کی۔