وجئے شانتی اور اروند ریڈی کی شمولیت کا شاخسانہ
حیدرآباد۔/28فبروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی سے انتخابی مفاہمت یا پھر انضمام کے مسئلہ پر قطعی فیصلہ کیلئے کل طلب کردہ ٹی آر ایس کے توسیعی اجلاس کو 3مارچ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی، لیجسلیچر پارٹی، پولیٹ بیورو اور اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس کل یکم مارچ کو منعقد ہونے والا تھا تاہم بعض وجوہات کی بناء پر اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔ اس اجلاس میں نئی ریاست میں ٹی آر ایس کے مستقبل اور کانگریس سے اتحاد جیسے اُمور پر فیصلے کئے جانے تھے۔ کانگریس میں انضمام کے بارے میں کانگریس اعلیٰ قائدین اور ٹی آر ایس قائدین کے بیانات مختلف ہیں تاہم کل وجئے شانتی ایم پی اور اروند ریڈی رکن اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد دونوں پارٹیوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ کانگریس ہائی کمان کے اس رویہ سے سخت ناراض ہیں اور اس کا اظہار انہوں نے پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورت میں کیا۔
انہیں اس بات پر اعتراض ہے کہ کانگریس ایک طرف ٹی آر ایس سے تعلقات بہتر بنانے کوشاں ہے تو دوسری طرف پارٹی سے نکالے گئے قائدین کو کانگریس میں شامل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر کی ناراضگی کے سبب ہی انہوں نے اجلاس کو دو دن تک ملتوی کرنے کی صلاح دی تاکہ کانگریس پارٹی پر اخلاقی دباؤ بڑھایا جاسکے۔ تاہم پارٹی کے ایک قائد نے کہا کہ یکم مارچ کو اماوس کے سبب اجلاس ملتوی کیا گیا کیونکہ یہ دن ہندو عقیدہ کے مطابق بدشگون سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ پارٹی کا اجلاس ملتوی کیا گیا تاہم چندر شیکھر راؤ سینئر قائدین سے تلنگانہ میں پارٹی کے رول کے بارے میں مسلسل مشاورت میں مصروف ہیں۔