کانگریس اور ٹی آر ایس ملک دشمن آدتیہ ناتھ کا الزام

حیدرآباد۔ 7 اپریل (پی ٹی آئی) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں کہا کہ کانگریس کو دیا جانے والا ووٹ دہشت گردی، نکسلائیٹس اور علیحدگی پسند قوتوں کو مستحکم بنائے گا اور ترقی میں رکاوٹ پیدا کرے گا۔ اس طرح ریاست میں حکمراں ٹی آر ایس کو دیا جانے والا ہر ایک ووٹ اس کی حلیف جماعت مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی اور ان کے بھائی کے ہاتھ مضبوط کرے گا۔ اس کے برخلاف ووٹرس اگر وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کو منتخب کریں تو انہیں اس پارٹی کے زیرقیادت ایک ایسی حکومت کی تشکیل کی ضمانت ملے گی جو جامع ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی اور ہندوستان کو ایک سوپر پاور بنائے گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے حلقہ لوک سبھا پداپلی میں بی جے پی امیدوار ایس کمار کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور ٹی آر ایس دونوں ہی کو ملک دشمن قرار دیا۔