ریاست کی تقسیم کے لیے بی جے پی بھی ذمہ دار ، وائی ایس آر کانگریس صدر کا خطاب
تروپتی ۔ یکم ۔ مارچ : ( آئی این این ) : کانگریس ، بی جے پی اور تلگو دیشم پر شدید تنقید کرتے ہوئے وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ان تینوں پارٹیوں پر الزام عائد کیا کہ ریاست کی غیر جمہوری تقسیم کے لیے یہی پارٹیاں ذمہ دار ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس صدر نے کہا کہ صرف ان کی پارٹی کو ہی مثبت طریقہ سے عوام کے ووٹ لینے کا اخلاقی حق حاصل ہے کیوں کہ وائی ایس آر کانگریس ہی عوام کی حقیقی آواز ہے ۔ ہم کو اقدار پر مبنی سیاست کرنی ہوگی اور سیاسی نظام میں اقدار و اخلاق کو رائج کرنا ہوگا ۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے انتقال کے بعد یہ اقدار سیاست سے دور ہوگئے ہیں ۔ ان کا اور ریاست کی بہبود اور ترقی کا سنہرا دور تھا انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کانگریس اور تلگو دیشم کو مسترد کردیں کیوں کہ ان پارٹیوں نے انتشار اور پھوٹ کی سیاسی کی ہے ۔
کانگریس نے مرکز میں بی جے پی سے ہاتھ ملا کر اور ریاست میں تلگو دیشم کا سہارا لے کر ریاست کو دو حصوں میں منقسم کردیا ۔ عوام کے جذبات کا احترام نہیں کیا گیا ۔ اب انہیں اپنے کارناموں سے متعلق تقریر کرنے عوام کے ووٹ لینے کا حق نہیں ہے ۔ انتخابات میں عوام کی آرزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ وائی ایس آر نے ہی عوام کے امنگوں اور خواہشات کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ریاست کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اب اس علاقہ میں عوام کی تائید ہرگز نہیں ملے گی ۔ سونیا اور سشما لیڈر ریاست توڑنے میں ان پارٹیوں کی مدد کرنے کے عوض ووٹ مانگ رہے ہیں ان تینوں پارٹیوںکو سبق سیکھانا ہوگا ۔۔