کانگریس انتخابی منشور کی اجرائی ملتوی

نئی دہلی۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کی اجرائی میں ایک ہفتہ کی تاخیر کی جارہی ہے۔ پہلے طئے شدہ پروگرام کے مطابق مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی منشور صدر کانگریس سونیا گاندھی کل جاری کرنے والی تھیں لیکن سمجھا جاتا ہے کہ ملک کی ترقی کے سلسلے میں مختلف زاویوں سے دستاویزات حاصل کرنے کا عمل ہنوز جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق انتخابی منشور میں تین اُمور پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پہلا سماجی ایجنڈہ ، دوسرا معاشی ایجنڈہ اور تیسرا قومی سلامتی ہے۔ وزیر دفاع اے کے انتونی کی زیرقیادت منشور کمیٹی اپنا کام کررہی ہے لیکن نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ یہ منشور بالکل شفاف ہوگا اور تمام ترجیحی گروپس کی نمائندگی کا جائزہ لیا جائے گا۔