شمس آباد 30 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد ایم پی ٹی سی II انتخابات کے سلسلہ میں آج کانگریس قائدین نے وارڈ II میں گھر گھر جاکر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس امیدوار ریشماں سلطانہ کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ وینو گوڑ کانگریس منڈل صدر نے کہاکہ شمس آباد منڈل میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں تقریباً سبھی کام کانگریس کے دور میں ہی ہوئے ہیں اور آئندہ بھی کانگریس کے دور میں ہی ہوں گے۔ انھوں نے پولیس اسٹیشن تا احمد نگر سی سی روڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ سڑک گزشتہ کئی سالوں سے خستہ حالت میں تھی لیکن کسی بھی پارٹی نے اس کی تکمیل نہیں کی۔ کانگریس سرپنچ نے عوام کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مختلف فنڈس کے ذریعہ اس کام کو انجام دیا جس سے عوام اور مسافرین کو کافی سہولت ہوئی۔ شمس آباد سرپنچ نے گرمی کے موسم میں عوام کو پانی کی قلت سے بچانے کے لئے جگہ جگہ بور ڈال کر پانی کے مسئلہ کو پیدا ہونے نہیں دیا۔ کانگریس ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ راچاملا سدیشور سرپنچ نے کہاکہ شمس آباد میں کانگریس پارٹی مضبوط ہے جس کو کمزور کرنے کے لئے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد نے اپنے امیدوار کی کامیابی کے لئے تلگودیشم لیڈر کو آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ رائے دہندے کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر کانگریسی امیدوار ریشماں سلطانہ کو کامیاب بنائیں گے۔ اس موقع پر سید رفیع الدین قادری کانگریس میناریٹی سیل صدر، رمنا ریڈی، نند راج گوڑ، متین کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔