کانپور ٹرین حادثہ کا کلیدی مشتبہ نیپال میں گرفتار

کٹھمنڈو 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیپالی شہری شمس الھدیٰ کو جو آئی ایس آئی کا مبینہ ایجنٹ اور نومبر کے کانپور ٹرین سانحہ کا کلیدی مشتبہ بھی ہے، دبئی سے ملک بدر کئے جانے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 48 سالہ شمس الھدیٰ کو نیپال پولیس کی خصوصی ٹیم نے دیگر تین مشتبہ افراد کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پستوپتی اپادھیائے نے کہاکہ اُس کو تری بھون انٹرنیشنل ایرپورٹ سے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔ اپادھیائے نے پی ٹی آئی سے کہاکہ انٹرپول کے تعاون سے پولیس نے شمس الھدیٰ اور دیگر تین مجرمین کو دبئی سے نیپال لایا ہے۔ اپادھیائے نے کہاکہ ’’ہم نے سنا تھا کہ کانپور میں گزشتہ 150 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے ریلوے حادثہ میں شمس الھدیٰ مطلوب ہے‘‘۔ دیگر تین گرفتار شدگان کی شناخت برج کشور گری، آشیش سنگھ اور رومیش کمار کرمی کی حیثیت سے کی گئی ہے جو تمام جنوبی نیپال کے ضلع کالیہ سے تعلق رکھتے ہیں جنھیں گزشتہ سال 25 ڈسمبر کو ضلع بارہ میں دو ہندوستانیوں ارون رام اور دیپک رام کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ اس دوہرے قتل میں شمس الھدیٰ ہی اصل سازشی ذہن تھا۔ اپادھیائے نے کہاکہ شمس الھدیٰ جو مجرمین کی بین الاقوامی ٹولیوں سے ربط ضبط رکھتا ہے نیپال اور ہندوستان میں مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔