کانپور،4اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں کانپور کے مہاراج پور علاقے میں آج پیش آئے بم دھماکے میں کم ازکم تین افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔سرسول بازار کے بیچ و بیچ اہم بازار میں ہوا یہ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ چھ مکان ملبے میں تبدیل ہوگئے ۔واقعہ کی جانچ کے لئے انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس)موقع پر پہنچ گیا ہے جبکہ قومی آفات راحت دستے (این ڈی آر ایف)کے جوان مقامی پولیس اور انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ملبے میں کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔سینئر افسر کی موجودگی میں علاقے میں بچاؤاور راحت کا کام جاری ہے۔ملبے سے اب تک تین افراد کی نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔جس میں ایک خاتون اور ایک بچے کی نعش بھی شامل ہے ۔پولیس کے مطابق قصبے کے ایک مکان میں پٹاخہ فیکٹری کا غیر قانونی کام چل رہا تھا۔یہ مکان بابو سنگھ نامی شخص کا ہے ۔اس دوران دھماکہ ہونے سے یہ مکان زمین دوز ہوگیا۔ملبے سے دو لوگوں کو شدید زخمی حالت میں باہر نکالا گیا ہے جنہیں کانشی رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔