اے پی کے سرکاری ملازمین کا وجئے واڑہ میں احتجاج، وائی ایس آر کانگریس کی تائید و حمایت
حیدرآباد ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین کی جانب سے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر آج وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی ریالی منظم کی گئی اور اس طرح ریاست کے تمام سرکاری ملازمین نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کی ہے۔ ریاست کے 13 اضلاع سے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کی کثیر تعداد نے جمخانہ گراؤنڈ پر بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاجی سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس نے اپنے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ اپنے وظیفہ کی رقم کو بھی تحفظ فراہم نہیں ہوسکے گا۔ ریاست کے سرکاری ملازمین یونینوں کے قائدین نے مرکزی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے سابقہ پنشن اسکیم ہی کافی بہتر تھی لیکن اب سرکاری ملازمین کے وظیفہ اسکیم کو ختم کرکے اسکیم کو متعارف کیا جس کی وجہ سے تمام سرکاری ملازمین اپنے سابقہ پنشن اسکیم سے محروم ہوگئے۔ احتجاجی سرکاری ملازمین ریاست آندھراپردیش نے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو فی الفور منسوخ کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ احتجاجی سرکاری ملازمین کے دھرنا پروگرام میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی، کانگریس پارٹی کے قائدین نے حصہ لیتے ہوئے ملازمین احتجاج کی بھرپور تائید کی اور اپنے تعاون کا تیقن دلایا۔ علاوہ ازیں ریاست آندھراپردیش کے تمام 13 اضلاع میں بھی ڈسٹرکٹ کلکٹر آفسوں کے روبرو سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس نے بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرتے ہوئے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو منسوخ کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔