کانسٹبلس کی جائیدادیں ، اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدواروں کی درخواستیں

پی ایچ ڈی ، ایم فل ، ایم سی اے ، ایم ٹیک ، ایم اے ، ایم کام امیدوار بھی حصول ملازمت کے لیے کوشاں
حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے باعث سینکڑوں نوجوان حصول روزگار کے لیے پریشان حال ہیں ۔ ایک طرف امیدوار اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اس بات کی امید لگائے بیٹھے تھے کہ انہیں تعلیم کی بنیاد پر اچھی ملازمت حاصل ہوجائے گی لیکن ان کی امیدوں پر پانی پھر جانے کے باعث اب وہ کسی بھی قسم کی ملازمت کو معیوب نہیں سمجھ رہے ہیں بلکہ اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ بہر صورت انہیں سرکاری ملازمت مل جائے اور اس کے لیے وہ اپنی تعلیمی قابلیت کو بھی خاطر میں نہیں لارہے ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش ریاست کے دوران مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر عدم تقررات اور تقسیم ریاست کے بعد قیام ریاست تلنگانہ پر لاکھوں نوجوانوں میں سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی امید جاگی تھی لیکن نوجوانوں کی توقع سے کم جائیدادوں پر تقررات کے اعلان سے پھر ایکبار مایوس ہو کرنوجوانوں نے اس بات کا تہیہ کرلیا ہے کہ چاہے کسی بھی محکمہ میں کوئی بھی قسم کی جائیداد پر تقرر ہوجائے تو وہ اس کو نعمت سے کم نہیں سمجھیں گے کیوں کہ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حد عمر میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ یہی نہیں بلکہ ان کی امیدیں بھی ختم ہوتی جارہی ہیں ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے اعلان کے بعد نوجوانوں نے حصول ملازمت کے لیے باگ دوڑ کا آغاز کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بے روزگاری کے عالم کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان محکمہ پولیس میں کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے درخواستیں داخل کررہے ہیں ۔ تعجب کی بات ہے کہ صرف گریجویٹ ہی نہیں بلکہ پوسٹ گریجویٹ ، ماسٹر آف فلاسفر ، ماسٹر آف کمپیوٹر سائنس ( ایم سی اے ) ، ماسٹر آف ٹکنالوجی ( ایم ٹیک ) کے بشمول سینکڑوں ریسرچ اسکالرس نے بھی درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ذرائع کے بموجب حکومت تلنگانہ پہلے مرحلے کے تحت 9 ہزار 281 کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا اور اس کے لیے ادخال درخواست کی آخری تاریخ 4 فروری کو مقرر کیا ہے جب کہ ادخال درخواستوں کا آغاز 11 دسمبر 2015 سے ہوا ہے ۔ ایک اندازہ کے مطابق تاحال 4 لاکھ 20 ہزار امیدواروں نے کانسٹبلس کی جائیداد پر تقررات کے لیے درخواستیں داخل کیا ہے ۔ جس میں انٹر میڈیٹ کامیاب امیدواروں کی تعداد 1,78,917 بی اے ( گریجویٹس ) کی تعداد 21,786 ، بی کام ( گریجویٹس ) کی تعداد 31,943 ہیں ۔ اس کے علاوہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی فارمیسی کی تعلیم حاصل کرنے والے 1793 ، بی ایس سی ( گریجویٹس ) 28,810 ، بی ایس سی اگریکلچر 28 ، 19,621 بی ٹیک ، 198 بی بی ایم ، 125 بی سی اے ، 2531 ایم اے ، 454 ایم کام ، 366 ایم فارمیسی ، 11 عدد ایم فل ، 1220 ایم ایس سی ، 7508 ایم ٹیک ، 7508 ایم بی اے ، 1048 ایم سی اے ، 5 درخواست گذار پی ایچ ڈی اور 7,428 دیگر کورسیس کے امیدوار شامل ہیں ۔۔