نیویارک۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی مقامی عدالت نے کال سینٹر اسکینڈل میں ملوث 21 ہندوستانی نوجوانوں کو 4 سے 20 سال تک کی قید کی سزا سنادی۔ ہندوستانی روزنامہ ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مقیم ہندوستانی نوجوانوں نے جعلی کال سینٹر کے ذریعے ہزاروں امریکی شہریوں کو کروڑوں ڈالر سے محروم کردیا تھا۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشن نے بتایا کہ مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں سے یہ ہندوستانی کال سینٹر انڈسٹری کا پہلا بڑا اور بدترین مقدمہ ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ متعدد زیرِ حراست مجرموں کی سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔ پروسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہندوستانی کال سینٹر نے متعدد ٹیلی فون فراڈ اسکیم متعارف کرائی اور ان کا ہدف عمر رسیدہ امریکی شہری اور غیرقانونی تارکین وطن تھے۔ مجرمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2012 سے 2016 کے درمیان عرصے میں منی لانڈرنگ اسکیم کے پرپیش نظام کو مرتب کیا اور ہندوستانی شہر احمد آباد میں بیٹھ کر امریکی عوام کو بیوقوف بنانے کا انتظام کیا گیا۔ احمد آباد سے بیٹھ کر کال سینٹر کا ایجنڈ خود کو انٹرنل ریونیو سروس، یو ایس سیٹیزن اینڈ ایمیگریشن افسر ظاہر کرکے لوگوں کو ڈرایا کرتے تھے۔