کالا دھن کے خلاف لڑائی سوئٹزرلینڈ کو ہر سال 1500درخواستیں

برلن/ نئی دہلی ۔14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کالے دھن کے خلاف ہندوستان اور دیگر ممالک کی مدد کیلئے ایک نئے قانونی طریقہ کار کی تیاری کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ نے بتایا کہ ہر سال اسے تقریباً 1500 درخواستیں موصول ہورہی ہیں جن میں انتظامی مدد کی خواہش کی جاتی ہے ۔ سوئس فیڈرل کونسل کے بیان کے مطابق انتظامی اُمور میں مدد کیلئے سوئٹزرلینڈ اس طرح کی درخواستیں وصول کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے ۔ کونسل نے بتایا کہ سرقہ کئے ہوئے ڈاٹا سے متعلق انتظامی معاونت کیلئے قانونی صورتحال کے بارے میں وضاحت کی پارلیمنٹ کو تجویز پیش کی جائے گی ۔ تاہم ذرائع نے بتایا کہ صرف چند معاملات کو ہی ’’ مسروقہ ڈاٹا‘‘ کے زمرہ میں شامل کیا جاسکتا ہے کیونکہ ملکی قانون کے مطابق مسروقہ ڈاٹا کی صورت میں کسی طرح کے تعاون کی اجازت نہیں ہے۔