نئی دہلی ۔ 24 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کالا دھن پر حکومت کی کوششوں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے ریونیو ڈپارٹمنٹ سے خواہش کی ہے کہ وہ بیرون ممالک جمع کالا دھن کو واپس لانے کیلئے باہمی ٹیکس معاہدات کے علاوہ دیگر امکانات بھی تلاش کریں۔ وزیراعظم کے دفتر نے کہاکہ ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو یہ دیکھنا چاہئے کہ کالا دھن کی لعنت سے نمٹنے کے اور بھی کیا راستہ ہوسکتے ہیں۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے یہ جواب دیا تھا کہ ٹیکس معاہدات یا دوہرا ٹیکس سے بچنے کے معاہدات ہی واحد راستہ ہیں جن کی فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر اتفاق کیا جاسکتا ہے ۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کا یہ احساس ہے کہ ہندوستان کو جو فہرست موصول ہوئی ہے اُن کے خلاف تیز رفتار قانونی کارروائی ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ کالا دھن مسئلے سے نمٹا جاسکتا ہے ۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ایچ ایس بی سی کی فہرست ہندوستان کو 2011 ء میں موصول ہوئی لیکن قانونی کارروائی 2014 ء یعنی 3 سال بعد شروع ہوئی ۔ ٹیکس سے بچنے والوں کے خلاف تیز قانونی کارروائی سے یہ مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے ۔