G20 وزرائے فینانس کی میٹنگ میں مملکتی وزیر نرملا سیتارمن کی شرکت
کیرنس (آسٹریلیا) ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکس اور بینکوں کی معلومات کے خود بخود تبادلہ کیلئے مکمل مدد کی پیشکش کرتے ہوئے ہندوستان نے کہا ہیکہ وہ بیرون ملک جمع کالے دھن کا پتہ چلانے اور اسے واپس لانے میں مدد کریں گے۔ یہاں جاری G20 وزرائے فینانس کی میٹنگ میں شامل ہوتے ہوئے مملکتی وزیر برائے اقتصادیات نرملا سیتارمن نے کہا کہ 46 ممالک بشمول ہندوستان نے 2017ء تک معلومات کے خودبخود تبادلہ کے مشترک وقت مقررہ کیلئے اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر کسی سے ہمارے ساتھ شامل ہونے کی اپیل کریں گے۔ G20 نے کل اپنے دو وزارتی اجلاس کے ختم پر فیصلہ کیا تھا کہ ایسا میکانزم قائم کیا جائے جو 2017ء تک مختلف ممالک کے درمیان ٹیکس معلومات کا خودبخود تبادلہ کرے۔ نئے فریم ورک سے معلومات کے تبادلے کے موجودہ طریقہ کار کے مقابل نمایاں تبدیلی آئے گی۔ موجودہ طور پر زیادہ تر تبادلہ درخواستوں پر ہوتا ہے اور صرف مشتبہ ٹیکس چوری یا دیگر اقتصادی جرائم کے معاملوں میں ہی معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے۔