ممبئی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میگا اسٹار امیتابھ بچن جن کا 80 ء اور 90 ء کے دہے میں طوطی بولتا تھا اور جن کے بارے میں آنجہانی ڈائرکٹر منموہن دیسائی نے یہ تک کہا تھا کہ ’’بالی ووڈ از اے ون مین انڈسٹری‘‘ ، نے کولکتہ میں فلم فیسٹیول کے افتتاح میں شرکت کے بعد وزیر اعلی ممتابنرجی سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر شاہ رخ خان، جیہ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریہ رائے بچن اور رائیما سین بھی موجود تھیں۔ امیتابھ نے کہا کہ ماضی میں بھی فلم فیسٹیول منعقد ہوا کرتے تھے جن میں دلیپ صاحب ،دیو صاحب اور راج صاحب کو دیکھنے کیلئے عوام کا ہجوم ٹوٹ پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دلیپ صاحب کے ساتھ تو انہیں شکتی میں کام کرنے کا موقع مل گیا لیکن دیو صاحب اور راج صاحب کے ساتھ کام کرنے کا اپنا ارمان وہ پورا نہیں کرسکے۔ انہو ںنے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کے ہمعصر اداکار شتروگھن سنہا اس معاملے میںزیادہ خوش نصیب ہیںکہ انہوں نے دلیپ صاحب کے ساتھ کرانتی، دیو صاحب کے ساتھ گیمبلر اور راج صاحب کے ساتھ خان دوست میں کام کیا۔ امیتابھ نے کہا کہ اگر دلیپ صاحب کا مزاج درست ہوتا تو وہ انہیں کے بی سی کی ہاٹ سیٹ پر ضرور مدعو کرتے اور انہیں یقین ہے کہ دلیپ صاحب تمام سوالوں کا صحیح صحیح جواب دیتے ۔ کاش ! میں شکتی کے علاوہ ان کے ساتھ مزید ایک دو فلموں میں کام کرپاتا ۔ یاد رہے کہ زمانہ حال میں شاہ رخ خان، سلمان اور عامر کی جو تگڑی ہے ماضی میں یہی تگڑی دلیپ کمار، راج کپور اور دیو آنند پر مشتمل تھی۔