ماسکو ۔4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مشرقی یوکرین کے باغیوں نے کہا کہ اُن کا ایک اعلیٰ سطحی کمانڈر اُس وقت ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کار بم دھماکہ ہوا ۔ باغیوں کے لقانسک اطلاعاتی مرکز نے اطلاع دی ہے کہ مقامی عوام کے نیم فوجی کمانڈر اولیگ اناشنکوف ہفتہ کی صبح ہلاک کردیئے گئے۔ خبر کے بموجب نامعلوم افراد نے جو ایک کار میں سوار تھے شہر لقانسک میں بم دھماکہ کیا ۔ یہ یوکرین کے باغیوں کے دوسرے کمانڈر ہیں، جو اس طرح ہلاک کردیئے گئے ہیں۔ نیم فوجی تنظیم کے ترجمان آندرے میروچکوف نے الزام عائد کیا کہ یوکرین کی خصوصی خدمات اس بم دھماکہ کی وجہ ہیں۔ لقانسک جمہوریہ یوکرین کے علاحدگی پسند باغیوں کا مستحکم گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں اپریل 2014 ء سے نیم فوجی تنظیمیں سرکاری فوجوں کے ساتھ جنگ میں مصروف ہیں۔ تاحال 9800 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔