حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) اس الزام سے کہ تلنگانہ میں پرائیوٹ اسکولس بڑھی چڑھی فیس وصولی کررہے ہیں ریاست بھر میں قائم 15 ہزار خانگی اسکولس کی بدنامی ہوئی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ چند کارپوریٹ اور انٹرنیشنل اسکولس کافی زیادہ فیس وصول کررہے ہیں لیکن ان چند اسکولس کی وجہ سے پورے پرائیوٹ اسکولس سسٹم کی بدنامی ہورہی ہے۔ تلنگانہ مسلمہ اسکولس کی مینجمنٹ اسوسی ایشن کے صدر ایس نرسی ریڈی نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ بات انصاف کے خلاف ہے کہ چند اسکولس میں وصول کی جارہی زائد فیس کی بنیاد پر تمام اسکولس کو مورد الزام ٹھہرایا جائے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارے اسکولس میں کنڈر گارٹن کے لئے دس ہزار روپئے ایس ایس سی کے لئے تیس ہزار روپئے فیس مقرر ہے جبکہ کارپوریٹ اور انٹرنیشنل اسکولس میں یہ فیس ایک لاکھ روپئے تا 3 لاکھ روپئے ہے۔