ورلڈ بینک کی رپورٹ ، انسانیت نوازی اور مروت میں بھی تاریخی شہر ملک میں سب سے آگے
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستان میں 17 اہم شہر ہیں جہاں صنعت کاروں ، تاجرین اور چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والوں کو زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا نہیں پڑتا ۔ ان شہروں میں ہمارا شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد بھی شامل ہے جو محبت و مروت اور ہمدردی کے ساتھ ساتھ کاروبار میں آسانیوں کے لیے بھی ساری دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ جہاں تک سرخ فیتے کی رکاوٹوں اور دیگر قسم کے خلل کی بناء تجارت و کاروبار کا سوال ہے ۔ حیدرآباد کو ہندوستان میں دوسرا مقام حاصل ہے ۔ کاروبار کے لحاظ سے پہلا مقام لدھیانہ کو حاصل ہے اور تیسرے مقام پر بھوبنیشور ہے ۔ یہ بات عالمی بینک کی ایک سروے رپورٹ میں بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ کاروبار کے لحاظ سے حیدرآباد ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے ۔ اس سروے میں ایک کاروبار شروع کرنے کے قواعد ، تعمیری اجازت ناموں کے حصول کے لیے درکار وقت ، ورکروں کی خدمات کا حصول ، جائیدادوں کے رجسٹریشن ، کریڈٹ کے حصول ، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ محاصل ، الیکٹریسٹی کنکشن حاصل کرنے کے عمل وغیرہ جیسے اہم امور کا جائزہ لیا گیا ۔ ورلڈ بینک نے دنیا کے 190 ملکوں میں کاروبار کرنے میں ہونے والی مشکلات اور آسانیوں کی بنیاد پر درجہ بندی بھی کی ہے ۔ پہلے ہندوستان کا مقام 130 تھا ۔ اب اس میں غیر معمولی بہتری آئی ہے ۔ ان ملکوں میں ہندوستان کا نمبر 100 تک پہنچ گیا ہے ۔ تجارت و کاروبار کے لیے بہترین ملکوں میں نیوزی لینڈ ورلڈ بینک کے عشاریہ میں سرفہرست ہے ۔ سنگاپور دوسرے اور ڈنمارک تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ مہمان نوازی اور انسانی ہمدردی میں حیدرآباد سارے ہندوستان میں سرفہرست ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس تاریخی شہر کے دامن میں ہندوستان کے ہر علاقہ کے لوگ روزگار سے جڑے ہوئے ہیں ۔ صرف گلزار حوض ، چارمینار اور اطراف واکناف کے علاقوں میں 40 ہزار سے زائد بنگالی اور دوسری ریاستوں کے افراد مقیم ہیں ۔ ان کے لیے حیدرآباد سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور دوسرے خلیجی ملکوں کی طرح ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد میں معیار زندگی بھی بہتر ہے ۔ ہندوستان کے تمام شہروں میں غذائی اشیاء ذرائع حمل و نقل وغیرہ بھی اسی شہر میں سستے ہیں ۔ اس کے علاقہ سیفٹی کے لحاظ سے بھی حیدرآباد کا شمار ملک کے تین بڑے شہروں میں ہوتاہے ۔۔