ڈھاکہ۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ آتشزدگی کی ایک واردات میں کم از کم 13 کارکن ہلاک ہوگئے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ پلاسٹک فیکٹری میں پیش آئی اس واردات کی تحقیقات کے لئے حکومت نے ایک 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بموجب میرپور کی یہ فیکٹری مناسب لائسنس، آتش فرو آلات اور لازمی احتیاطی اقدامات کے بغیر کام کررہی تھی۔ کمیٹی سے اندرون تین دن رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ روزنامہ ’اسٹار‘ کی خبر کے بموجب پانچ منزلہ پلاسٹک کارخانہ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس پر قابو پانے کے لئے آتش فرو عملہ کو دو گھنٹے جدوجہد کرنی پڑی۔ مبینہ طور پر گیس سلنڈر پھٹ پڑنے سے آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ دھماکہ کی آواز سننے کے بعد بیشتر کارکنوں نے کھڑکیوں اور دیگر کھلے مقامات سے باہر چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔ بنگلہ دیش میں آتشزدگی کے حادثات عام ہیں۔