کابل،18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام)افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مشرقی علاقے میں ایک خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ۔ یہ اطلاع فرانسیسی نیوز ایجنسی نے مقامی حکام کے حوالے سے دی ہے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ گاڑی ایک غیرملکی فوجی اڈے کے دروازے سے ٹکرا گئی جس کے بعد دھماکہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان میں دو حملہ آور اور فوجی اڈے کے دو محافظین شامل ہیں۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء کے پیش نظر طالبان کی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔ افغانستان میں ایک لاکھ 39 ہزار غیرملکی فوجی متعین تھے، توقع ہے کہ 2015ء کے شروع میں افغانستان میں دس ہزار امریکی فوجی اور نیٹو کے دیکر رکن ممالک کے تقریباً دو ہزار فوجی متعین رہیں گے۔