کابل میں ترک سفارتخانے کی گاڑی پر خود کْش حملہ ، 2 ہلاک

کابل ۔ 26 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)ایک خودکش حملے کے نتیجہ میں جو آج کابل میں ترک سفارتخانہ کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا ، دو افراد ہلاک ہوگئے، جس سے کمزور سکیورٹی صورتحال اُجاگر ہوتی ہے اور ان حالات میں افغان حکومت عسکریت پسندوں کے ساتھ امن بات چیت پر زور دے رہی ہے ۔ دارالحکومت میں صبح ایرانی سفارتخانے کے نزدیک ایک خود کْش حملہ آور نے ترک سفارتخانے کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ وزارت داخلہ کے مطابق خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ترک سفارتی قافلے کے قریب دھماکے سے اڑا دی ، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی ، اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس حملے کے بعد علاقے میں جرمنی ، ایران اور ترکی کے سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ افغانستان کے نائب وزیر داخلہ ایوب سالنگی نے جائے وقوعہ پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کابل کے سفارتی علاقے میں کئے گئے اس بم حملے میں ترک سفارتخانے کی گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ افغان طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا ہے کہ اس کارروائی کا نشانہ ’غیر ملکی حملہ آوروں‘ کا ایک قافلہ تھا۔ کابل میں ایران اور ترکی کے سفارتخانے ایک دوسرے کے قریب ہی واقع ہیں۔علاقہ کی دھماکہ کے بعد ناکہ بندی کردی گئی ۔