کابل ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغان دارالحکومت میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے آغاز سے ایک دن قبل ایک خودکش بمبار نے آج یہاں ایک بینک کے باہر خود کودھماکہ سے اڑا لیا، جس کے نتیجہ میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ کابل میں جاری سلسلہ وار مہلک حملوں میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے جو ایک خوفناک ٹرک دھماکہ کے چند ماہ بعد پیش آیا ہے۔ ٹرک دھماکے میں کم سے کم 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تازہ ترین خودکش دھماکہ کابل بینک کے باہر ہوا جہاں عموماً سیکوریٹی فورسیس کے اہلکاروں اور سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا کہ ’’تازہ ترین اطلاعات میں بتایا گیا ہیکہ آج کے دہشت گرد حملے میں پانچ افراد ہلاک اور دیگر آٹھ زخمی ہوئے ہیں‘‘۔
نیو میکسیکو لائبریری میں فائرنگ، 2ہلاک
میکسیکو سٹی، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیو میکسیکو سٹی کے کولووس شہر کی ایک لائبریری میں ہوئی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ۔شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ کولووس کی آبادی 40 ہزار ہے اور یہ کینن ایئر فورس بیس کے قریب ہے ۔