بیجنگ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے اپنے صدر ژی پنگ کو رواں سال دورہ چین کیلئے نئے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے دی گئی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ مجوزہ اعلیٰ سطحی دورہ کو قطعیت دینے کیلئے دونوں ممالک رابطہ میں ہیں۔ چینی وزیراعظم لی کیقیانگ نے مودی کو بحیثیت وزیراعظم جائزہ لینے کے بعد مبارکباد کیلئے ٹیلیفون کیا تھا۔ اس دوران وزیراعظم نے چین کے صدر کو دورہ کی دعوت دی تھی۔ لی سے مودی کی بات چیت کے دوران دونوں ممالک نے ہند۔ چین حکمت عملی کی مشترکہ ساجھیداری پر مزید پیشرفت سے اتفاق کرلیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان قن گانگ نے اس سوال پر جواب دیتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ای مودی کو شخصی طور پر مبارکباد دینے کیلئے 8 جون کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے اور نئی وزیرخارجہ سشماسوراج سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس موقع پر چینی صدر کے دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔