ژنجیانگ میں پولیس نے 13 ٹھگوں کو گولی ماردی

بیجنگ ۔ 21 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) چین کی پولیس نے ژنجیانگ میں اُن 13 ٹھگوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا جنھوں نے ایک پولیس بلڈنگ میں گھس کر دھماکہ کیا تھا ۔ سرکاری تیان شان ویب پورٹل کی رپورٹ کے مطابق ٹھگوں نے ژنجیانگ کے کارگلک کاؤنٹی میں واقع ایک پولیس بلڈنگ میں ایک کار کے ساتھ ہلّہ بول دیا۔ اس موقع پر پولیس نے بھی انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مورچہ سنبھال لیا اور 13 ٹھگوں کو آناً فاناً گولی مارکر ہلاک کردیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ویب پورٹل میں مزید تفصیلات کا ذکر نہیں کیا گیا ۔ البتہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آوروں نے دھماکوں کیلئے کون سی دھماکو اشیاء استعمال کیں اور اُن کے پاس کون سے آلات تھے ۔