ڈی کے ارونا کا بی جے پی میں استقبال، کانگریس سے بیزارگی کا اظہار، ٹی آر ایس پر تنقید

حیدرآباد۔/22مارچ، ( سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے کانگریس لیڈر ڈی کے ارونا کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اوچھی حرکتوں اور عوام مخالف پالیسیوں سے بدظن ہوکر ہی کانگریس کے قائدین بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تلنگانہ میں تمام پارٹیوں اور ہر شہری نے حصہ لیا اور قربانیاں دی لیکن اس کا فائدہ صرف کے سی آر کے خاندان ہی کو ہورہا ہے۔ انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس اپوزیشن کا رول ادا کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور صرف سمجھوتہ کرتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے بی جے پی کو عوام کے حق والی پارٹی قرار دیا اور مودی کو ایک کامیاب وزیر اعظم قرار دیا اور کہا کہ آئندہ مرکز میں بی جے پی بھاری اکثریت سے اقتدار حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران کئے گئے اقدامات کے سبب عوام اقتدار مودی کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور مودی کے اقدامات کے سبب ہی کانگریس قائدین بی جے پی کا رُخ کررہے ہیں۔