ڈی سرینواس کی اکٹوبر میں کانگریس میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد 28 ستمبر ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس قائدین کی اپنے خلاف شکایتوں سے ناراض سینئر لیلار ڈی سرینواس کا اب برسر اقتدار ٹی آر ایس سے قطع تعلق کرلینا اور اپنی سابقہ جماعت کانگریس میں واپس ہونا تقریبا طئے ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق ڈی سرینواس اپنی سالگرہ کے موقع پر نظام آباد میں کیک کاٹیں گے اور اپنے رشتہ داروں و حامیوںکے ساتھ تقریب منائیں گے ۔ اس موقع پر وہ اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ کانگریس نے ڈی سرینواس کے استقبال کی تیاری کرلی ہے ۔ ڈی سرینواس پارٹی کیلئے ایک کامیاب صدر پردیش کانگریس رہے ہیں اور دو موقعوں پر ان کی صدارت میں پارٹی کو ریاست میں اقتدار حاصل ہوا تھا ۔ وہ آئندہ مہینے کانگریس میںشمولیت کی تیاری کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ 11 اکٹوبر کو کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ۔ وہ اکٹوبر کے پہلے ہفتے میں اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد اپنے منصوبوں کا اعلان کرسکتے ہیں۔