ڈی سرینواس کانگریس سے مستعفی

ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان
حیدرآباد /2 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق صدر پردیش کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس پارٹی سے دیرینہ وابستگی کو ختم کرتے ہوئے آج مستعفی ہوگئے اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی میں انھیں عہدوں کے ساتھ ساتھ توہین آمیز سلوک بھی برداشت کرنا پڑا۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ چار دہوں تک کانگریس سے وابستہ رہنے کے بعد مستعفی ہو رہے ہیں۔ انھوں نے 1969ء میں پہلی مرتبہ گاندھی بھون میں قدم رکھا تھا۔ اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کی قیادت میں انھوں نے کام کیا اور سونیا گاندھی نے ان کی کافی حوصلہ افزائی کی لیکن کانگریس کا نظام اب تبدیل ہو گیا ہے اور کانگریس میں سینئر قائدین کی اہمیت گھٹ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ضمیر کی آواز پر اور عزت نفس کی خاطر کانگریس سے مستعفی ہو رہے ہیں، کیونکہ ایم ایل سی کی نشست ان کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ایم ایل سی ٹکٹ نہ دینے پر پارٹی چھوڑنے ڈگ وجے سنگھ کے ریمارک پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈگ وجے سنگھ جھوٹے ہیں، کیونکہ انھوں نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی کسی خاتون کو امیدوار بنانے کے تعلق سے مجھے اطلاع دی۔