ڈی جی پی مہیندر ریڈی پر اپوزیشن کے الزامات مضحکہ خیز

ٹی آر ایس ایم پی ونود کمار کی چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات، انتخابی ضابطہ اخلاق پر بات چیت
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے آج چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات کی اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں نمائندگی کی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کے دوران سیاسی پارٹیوں کی جانب سے انتخابی مصارف کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے الیکشن کمیشن کی شرائط اور خرچ کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا ۔ رجت کمار نے بتایا کہ قومی جماعتوں اور علاقائی جماعتوں کے 40 افراد انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں انتخابی مہم کیلئے وسیع تر دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں ہیلی کاپٹر کے استعمال کی اجازت سے متعلق معلومات حاصل کی گئی ۔ چیف منسٹر کے دورہ کے اخراجات پارٹی کے خرچ کے تحت شمار کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کی سیکوریٹی سابق کی طرح برقرار رہیں گی۔ کسی بھی پارٹی کے اسٹار کیمپنر کی مہم کا خرچ پارٹی کے خرچ میں شمار کیا جائے گا۔ ونود کمار نے کہا کہ انتخابی اخراجات کے بارے میں تمام امیدواروں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ رجت کمار نے بتایا کہ بہت جلد انتخابی ضابطہ اخلاق کے کتابچے تمام سیاسی جماعتوں کو روانہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کی سرکاری قیامگاہوں پر پارٹی کا اجلاس منعقد کرنا خلاف ورزی ہے تاہم وزراء کی قیامگاہ کو سیاسی قائدین کی آمد پر پابندی نہیں۔ کے سی آر نے اسمبلی کی تحلیل کے بعد پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ ملاقات کیلئے سرکاری قیامگاہ نہ پہنچے ۔ ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر جس وقت رکن پارلیمنٹ تھے ، اس وقت دہلی کے ڈاکٹرس نے ان کا ایک سے زائد مرتبہ آنکھوں کا معائنہ اور علاج کیا۔ اسی لئے چیف منسٹر آنکھوں کے علاج کیلئے دوبارہ دہلی روانہ ہوئے تھے، اس میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ وزیراعظم جب ملک کے باہر ہوں تو پھر کس طرح ملاقات کی جاسکتی ہے لیکن کانگریس قائدین گمراہ کن پروپگنڈہ کر رہے ہیں۔ ونود کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ پولیس غیر جانبداری کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ مہیندر ریڈی نے غیر جانبدار عہدیدار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کبھی بھی کسی ایک طبقہ کی حوصلہ افزائی نہیں کی ۔ تمام طبقات کے ساتھ ان کا یکساں رویہ رہا۔ اسی دوران کونسل میں وہپ بی وینکٹیشورلو نے کانگریس قائد پنالا لکشمیا کی جانب سے چیف منسٹر پر تنقیدوں کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پنالا لکشمیا کئی بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں اور بہت جلد وہ جیل میں ہوں گے۔ کے سی آر کے جیل جانے سے متعلق لکشمیا کا بیان بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔