تفصیلات دیگر کو فراہم کرنے واٹس ایپ اور فیس بُک کی تردید
نئی دہلی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں ڈیٹا کے تحفظ کا جائزہ لینے کیلئے سابق جج سپریم کورٹ جسٹس بی این سری کرشنا کی زیرقیادت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ حکومت نے آج سپریم کورٹ کو یہ بات بتائی اور کہا کہ جیسے ہی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی، قانون سازی کے بارے میں غور کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ ملنے کے بعد ملک میں ڈیٹا کا تحفظ اور اس مقصد کیلئے قانون بنانے کے تمام امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے پانچ ججس پر مشتمل دستوری بینچ کو آج یہ بات بتائی۔ درخواست گذاروں نے واٹس ایپ کی رازدارانہ پالیسی کو چیلنج کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ واٹس ایپ اپنے استعمال کنندگان کا ڈیٹا فیس بُک اور دیگر کو فراہم کررہا ہے۔ عدالت نے واٹس ایپ اور فیس بُک کو ہدایت دی کہ وہ اندرون چار ہفتے حلف نامہ داخل کریں اور یہ وضاحت کی جائے کہ کیا وہ ڈیٹا کسی تیسرے فریق کو دے رہا ہے۔
سینئر وکلاء کپل سبل اور اروند داتار بالترتیب واٹس ایپ اور فیس بُک کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کسی کو فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ عدالت نے اس معاملے کی آئندہ سماعت 28 نومبر کو مقرر کی ہے۔