ڈیوٹی کے پہلے دن 32 کیلو میٹر پیدل سفر۔ کمپنی کے سی ای او نے ملازم کو نئی کار تحفہ میں دی

برمنگھم (یو ایس) ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) 29 سالہ افریقی نژاد امریکی مسٹر والٹر کار کو جب پتہ چلا کہ اس کی کار خراب ہوچکی ہے اور اس کو اپنی ملازمت کے پہلے دن ڈیوٹی پر رجوع ہونا ہے تو اس نے تہیہ کرلیا کہ وہ اپنے آفس کو جو اس کے گھر سے 32 کیلو میٹر دور ہے پیدل چل کر ہی جائے گا۔ یہ واقعہ بروز جمعہ پیش آیا جبکہ مسٹر کار کو ہوم ووڈ، البامہ سے پیلھام تک بذریعہ کار اپنی نئی کمپنی بیل ہوپس میں رپورٹ کرنا تھا لیکن آخری وقت پتہ چلا کہ اس کی کار خراب ہوچکی ہے تو اس نے تہیہ کرلیا کہ وہ پیدل چل کر ہی اپنی ڈیوٹی کے پہلے دن رپورٹ کرے گا۔ چنانچہ اس نے آدھی رات کو اپنا سفر برمنگھم کے مضافات سے شروع کیا۔ چنانچہ صبح کے چار بجے جب وہ اپنے آفس کے قریب پہنچا تو دو پولیس آفیسر نے راستہ روک کر اس سے دریافت کیا کہ وہ کہاں جارہا ہے؟ جب اس نے سچ سچ بتادیا تو پولیس آفیسرز اس سے اتنا متاثر ہوئے کہ اس کیلئے انہوں نے ناشتہ کا انتظام کیا اور بعدازاں ملازمت کے مقام پر اس کو بذریعہ کار چھوڑا۔ پولیس ڈپارٹمنٹ نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ اس شخص کے جذبہ نے ہم کو شدید متاثر کیا لیکن اس شخص کو اپنے جذبہ خدمت کا صلہ اس وقت ملا جب اس کے کمپنی سی ای او لوک مارک لین نے اس کو اپنی کمپنی کی جانب سے پیر کو 2014ء ماڈل فورڈ اسکیپ کار بطور انعام عطا کی۔ جیسے ہی والٹرکار کو کار کی کنجیاں دی گئیں اس کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں ہوگئے۔