ڈیفنس سکریٹری چیک ہیگل کا کمانڈرس سے تبادلہ خیال

بگرام ہوائی اڈہ (افغانستان) ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع امریکہ چیک ہیگل آج بذریعہ طیارہ افغانستان پہنچے تاکہ افغان فوج کے کمانڈرس سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کرسکے ۔ امریکی فوج افغانستان سے جاریہ سال کے ختم تک تخلیہ کردے گی۔ صرف 10ہزار امریکی فوجی افغانستان میں تعینات رہیں گے ۔اُن کا یہ دورہ ایک امریکی جنگی قیدی کی رہائی کے بعدہورہا ہے ۔ چند دن قبل صدر امریکہ بارک اوباما نے اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں صرف 10ہزار امریکی فوجی 2016ء کے ختم تک موجود رہیں گے اور جاریہ سال کے ختم تک تمام امریکی فوج اس علاقہ سے تخلیہ کردے گی ۔ بارک اوباما بگرام فوجی ہوائی اڈہ پر ایک ہفتہ قبل ہی دورہ کرچکے ہیں ۔ وزیر دفاعی چیک ہیگل نے کہا کہ وہ بھی صدر امریکہ کے ساتھ ہی دورہ کرنے والے تھے لیکن وہ افغان کمانڈرس سے افغان فضائیہ کی ترقی پر تبادلہ خیال کرنا اور حکومت کی جانب سے فوج کیلئے آلات حاصل کرنے اور اُن کے استعمال کی صلاحیت کے بارے میں جاننا چاہتے تھے ۔