ڈیزل کی بجائے پٹرول بھرنے پر معاوضہ ادا کرنے کا حکم

نئی دہلی۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی اسٹیٹ کنزیومر ریڈرسیل کمیشن نے ایک پٹرول پمپ کے مالک کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک کار کے مالک کو 24000 روپئے بطور معاوضہ ادا کرے کیونکہ اس کی کار میں پمپ کے فلر ملازم نے ڈیزل کی بجائے پٹرول بھردیا تھا جس کی وجہ سے اس کی کار کے انجن کو شدید نقصان پہنچا اور جس کی مرمت کے لئے اسے تقریباً 40,000 روپئے خرچ کرنے پڑے۔ کنزیومر کمیشن کے جوڈیشیل رکن ایس اے صدیقی اور صرف رکن ایس سی جین نے دہلی کے پٹرول پمپ ماتا آٹو موبائیلس کو برج موہن نامی شخص کو 24000 روپئے ادا کرنے کا حکم دیا۔

چین کے ساتھ حقیقی خط قبضہ کے بشمول دیگر کئی مسائل پر بات چیت، آئندہ ماہ فوجی سربراہ کا دورہ
نئی دہلی۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل وکرم سنگھ توقع ہے کہ آئندہ ماہ چین کا دورہ کریں گے۔اس دورہ کے دوران فوجی سربراہ دونوں ملکوں کی افواج میں اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ خاص کر حقیقی خط قبضہ کے بشمول دونوں ملکوں کے سرحدی مسائل پر بات چیت ہوگی۔ جنرل وکرم سنگھ چین کا دورہ کرنے والے دوسرے ہندوستانی فوجی سربراہ ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ امکان غالب ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں ہوگا۔ ذرائع نے کہا کہ نئی حکومت کے تحت یہ پہلا دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دونوں ملکوں نے اپنی افواج کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔باہمی رابطہ کے علاوہ مشترکہ فوجی مشقوں کیلئے بھی بات چیت کی جائے گی۔