ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیخلاف لاری بند کا آغاز

حیدرآباد ۔ 21 جولائی (سیاست نیوز) قومی سطح پر لاری اونرس اسوسی ایشن نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر غیرمعینہ مدت تک لاریوں کی ہڑتال شروع کی ہے۔ گذشتہ شب مرکزی حکومت کے ساتھ لاری اونرس اسوسی ایشن قائدین کی ہوئی بات چیت ناکام ہونے کے نتیجہ میں آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس (اے آئی ایم ٹی ایس) اور اس کی محاذی تنظیموں نے غیرمعینہ تک لاری بند کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔ قائدین نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل من مانی اضافہ کررہی ہے اور اس کی کوئی حد ہی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ ملک گیر سطح پر ہر جگہ ٹول پلازا ٹیکس وصول کرنے اور اس ٹیکس میں بھی اضافہ کرکے وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے لیکن لاری اونرس کی فلاح و بہبود (آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس) کیلئے کوئی مؤثر و مثبت اقدامات نہ ہی مرکزی اور نہ ہی ریاستی حکومتیں کررہی ہیں۔ قائدین کے مطابق ہر سال پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے انہیں کئی ایک مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ قومی سطح پر غیرمعینہ مدت تک لاری بند ہڑتال شروع ہونے کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجانے کا خدشہ لاحق ہوا ہے۔ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس قائدین نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کے ساتھ موٹر ٹرانسپورٹ قائدین کی ہوئی بات چیت میں مختلف موضوعات رکھے گئے جس میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے، تھرڈ پارٹی انشورنس پریمیم کی رقم میں کمی کرنے، قومی شاہراہوں پر پائے جانے والے ٹول پلازوں کو برخاست کرنے، ای وے بل ایکشن جیسے مسائل کی یکسوئی کے مطالبات کو مرکزی حکومت کے روبرو پیش کرنا شامل ہیں۔