ڈھاکہ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں اقطاع عالم کے لاکھوں مسلمان جمع ہورہے ہیں جہاں ’بسوا اجتماع‘ (عالمی اجتماع) شروع ہورہا ہے۔ حج بیت اللہ کے اجتماع کے بعد یہ مسلمانوں کا دوسرا بڑا سالانہ اجتماع سمجھا جاتا ہے۔ تبلیغی جماعت کے زیراہتمام منعقد کئے جانے والے بسوا اجتماع کا آغاز ہندوستان کے عالم دین مولانا اسمٰعیل حسین باٹلہ کے خطبہ سے ہوتا ہے۔ اجتماع کا پہلا مرحلہ دریائے توراد کے کنارے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے ساتھ شروع ہوا جو 26 جنوری کو ختم ہوگا اور 22 فروری تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ 31 جنوری سے شروع ہوگا جو 2 فروری تک جاری رہے گا۔
عالمی امن کے فروغ اور شعائر اسلام کے احیاء و ترویج کے مقصد سے بسوا اجتماع 1967ء سے سالانہ بپابندی منعقد کیا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش کے ایک سینئر پولیس افسر نے کہاکہ امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے 10 ہزار سے زائد نیم فوجی عملہ اور پولیس ملازمین تعینات کئے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کے اطراف 5 زمروں کا سکیورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے۔ اجتماع کے مقام پر آج دن میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 2 کی موت کی وجوہات کا علم نہ ہوسکا لیکن ایک شخص دست و قئے کے سبب فوت ہوا ہے جس کی ڈاکٹر نے توثیق کی ہے۔ اِس دوران حکام نے کہا ہے کہ اجتماع کے مقام پر جہیز کے بغیر اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔