ڈھائی لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو یو این کے شناختی کارڈس

جنیوا ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ (یواین) نے جمعہ کو کہا کہ اس نے بنگلہ دیش میں زائد از 250,000 روہنگیا پناہ گزینوں کا رجسٹریشن کرتے ہوئے ان کو پہلی مرتبہ شناختی کارڈس فراہم کئے ہیں جو ثبوت کے طور پر بھی کام کرے گا کہ وہ مستقبل میں میانمار کو واپسی کا حق رکھتے ہیں۔ یو این رفیوجی ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ یہ رجسٹریشن غیرقانونی انسانی منتقلی کے انسداد میں مدد کیلئے قانون کیلئے اہم ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ اقوام متحدہ ایجنسی کے ترجمان اینڈریج ماہیسچ نے جنیوا میں میڈیا کو بتایا کہ میانمار کے ایک چوتھائی ملین روہنگیائی پناہ گزینوں کو اب رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے اور انہیں بنگلہ دیشی حکام اور یو این ایچ سی آر کی طرف سے شناختی کارڈس فراہم کئے گئے ہیں۔ اگست 2017ء میں تقریباً 740,000 روہنگیا پناہ گزین ملٹری کارروائی سے بچنے کیلئے فرار ہوگئے تھے اور بنگلہ دیش میں گھس گئے جہاں تقریباً 300,000 روہنگیائی مسلمان پہلے سے ہی موجود تھے۔ فرار ہونے والے روہنگیا پناہ گزینوں نے کہا کہ ان کے دیہات میں اجتماعی آبروریزی اور قتل کے واقعات پیش آتے رہے اس کے نتیجہ میں ان کے پاس ترک وطن کے سواء کوئی چارہ نہ تھا۔