آج تلنگانہ انتخابی تشہیر و منشور کمیٹی سے ملاقات، انتخابی مہم شروع کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد /13 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ 13 اور 14 مارچ کو تلنگانہ اور 15 مارچ کو سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین سے ملاقات کریں گے۔ تین دن کے دورہ پر حیدرآباد پہنچنے والے ڈگ وجے سنگھ کا کانگریس قائدین نے ایرپورٹ پر خیرمقدم کیا اور بعد ازاں شہر کی ایک ہوٹل میں تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے صدر پنالہ لکشمیا، ورکنگ پریسیڈنٹ اتم کمار ریڈی، آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھوویرا ریڈی، تلنگانہ تشہیری کمیٹی کے صدر دامودھر راج نرسمہا، نائب صدر نشین محمد علی شبیر، سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر اور دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع کے بموجب تلنگانہ کانگریس قائدین کے ساتھ ملاقات میں ٹی آر ایس سے اتحاد کے بارے میں بات چیت ہوئی اور کانگریس کی کامیابی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں اضلاع کی کانگریس کمیٹیوں سے اسمبلی اور پارلیمنٹ کے لئے فی حلقہ سے تین ناموں کی فہرست تیار کرنے پر زور دیا گیا۔ اسی دوران ڈگ وجے سنگھ نے آج چار بجے گاندھی بھون میں کانگریس الیکشن کمیٹی کے ارکان کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔ ذرائع کے بموجب 14 مارچ کو تلنگانہ کے انتخابی تشہیری کمیٹی اور منشور کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے، جب کہ 15 مارچ کو آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی، تشہیری کمیٹی اور منشور کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ دریں اثناء سیما۔ آندھرا کے بیشتر قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے جو خلاء پیدا ہوا ہے، اس کو پر کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے بموجب کانگریس ہائی کمان ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں علاقوں میں جلد از جلد انتخابی مہم شروع کرنے اور پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔