حیدرآباد /2 جون ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر افزائش مویشیان مسٹر ٹی سرینواس یادو نے سینئیر کانگریس لیڈر مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف مہانکالی پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی ۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ کروڑہا روپئے کے میاں پور سرکاری اراضی اسکام میں ریاستی وزیر کا مبینہ رول پایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس بیان کے بعد ریاستی وزیر نے فوری مہانکالی پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کروائی اور ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف ہتک عزت کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی گذارش کی ہے ۔ پولیس نے اس شکایت پر فی الفور کارروائی کرنے کی گریز کیا اور ماہر قانون کی رائے حاصل کرنے کیلئے ایک مکتوب روانہ کیا ۔ ٹی سرینواس یادو کی جانب سے مہانکالی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت حوالے کرنے کیلئے مقامی ٹی آر ایس کارپوریٹرس اور ان کے حامی پولیس اسٹیشن پہونچے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزیر نے پولیس سے شکایت کرنے کے علاوہ مسٹر ڈی وجئے سنگھ کے خلاف 10 کروڑ کا ہرجانہ کا کیس بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ کوکٹ پلی پولیس نے وہاں کے سب رجسٹرار آر سرینواس راؤ کو خانگی رئیل اسٹیٹ اداروں کے سربراہ پی ایس پارتا سارتھی ( ٹرینٹی انفرا وینچرس ) اور پی وی ایس شرما ( ڈائرکٹر گولڈ اسٹون انفرا ٹیک ) کروڑہا روپئے مالیتی سرکاری اراضیات کی منتقلی اور فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ اس اسکام کے بعد چیف منسٹر نے ریاست کے 70 سے زائد سب رجسٹرارس کے تبادلے کرنے کا حکم دیا تھا ۔