ملاقات سے انکار ، ایم ایل سی امیدوار نامزد نہ کرنے پر پروگراموں سے دوری
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے سینئیر کانگریس قائد مسٹر ڈی سرینواس نے ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا اور انہیں اپنے گھر پہونچنے کی بھی اجازت نہیں دی ۔ 28 جون کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گاندھی بھون میں سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی 94 ویں یوم پیدائش تقریب کا پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جس میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تاہم مسٹر ڈی سرینواس نے اس تقریب سے اپنے آپ کو دور رکھا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مسٹر ڈی سرینواس کے کونسل کی رکنیت کے اختتام کے بعد وہ دوسری میعاد کے لیے دہلی پہونچکر کوشش کررہے تھے تاہم انہیں دوسری میعاد کے لیے پارٹی نے امیدوار نہیں بنایا ان کی جگہ ایک خاتون کو امیدوار بنایا گیا جس پر ڈی سرینواس مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ناراض ہیں ۔ ان کا احساس ہے کہ ڈگ وجئے سنگھ نے رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ جس کی وجہ سے انہوں نے ڈگ وجئے سنگھ کی حیدرآباد آمد پر نہ ہی ان سے ملاقات کی اور نہ ہی گاندھی بھون کے اجلاس میں شرکت کی ۔ جب ڈی سرینواس کی ناراضگی کی اطلاع ڈگ وجئے سنگھ کو دی گئی تو انہوں نے انہیں اطلاع دینے والے کانگریس قائد کو ہدایت دی کہ وہ فوری ٹیلی فون پر ان کی ڈی سرینواس سے بات کرائیں اور یہ بھی کہہ دیں کہ وہ ان کے گھر پہونچ رہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس کے قائد نے ڈی سرینواس سے ٹیلی فون پر بات چیت کی مگر ڈی سرینواس نے ڈگ وجئے سنگھ سے بات کرنے سے انکار کردیا ۔ یہاں تک کہ ڈگ وجئے سنگھ کو اپنے گھر پہونچنے کی اجازت بھی نہیں دی ۔۔