مجلسی قائدین کی اوچھی حرکت ، ٹی آر ایس قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔3فبروری(سیاست نیوز)تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے اقلیتی قائد نے بلدی انتخابات کے پیش نظر 2فبروری کو منعقدہ رائے دہی کے موقع پر مجلسی قائدین کی بربریت پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پرانے شہر میں شکست کے خوف کی وجہہ سے مجلسی قائدین تشدد پر اترآئے ہیں جس کی جمہوری نظام میں کوئی گنجائش نہیںہے۔آج یہاں نیو پریس کلب سوما جی گوڑہ میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ٹی آر ایس پارٹی کے اقلیتی قائد شیخ صالح نے نائب وزیر اعلی الحاج محمد محمود علی کی رہائش اور ان کے فرزند پر رکن اسمبلی ملک پیٹ احمد بلعلہ کے حملے کی بھی سختی کے ساتھ مذمت کی او رکہاکہ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے پانچ بلدی حلقہ جات پر تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کی کامیابی کے ڈر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اس قسم کی حرکت کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجلسی قائدین کی اوچھی حرکتوں سے ٹی آ رایس قائدین یا پھر پرانے شہر کے ٹی آر ایس کارکن ڈرنے یا گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ شیخ صالح نے کہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے علاوہ پرانے شہر کے دیگر بلدی حلقہ جات سے ٹی آر ایس پارٹی کی کامیابی کے ذریعہ ہم پرانے شہر میںایک نیا سیاسی انقلاب لائیںگے جس کا مقصدپرانے شہر کی ساٹھ سالہ معاشی او رتعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کیاجاسکے۔ شیخ صالح نے واضح کرتے ہوئے کہاکہ مجلس سے ٹی آر ایس پارٹی کی کوئی مفاہمت نہیںہے مگر بلدی انتخابات کے پیش نظر پریس کانفرنس کے دوران جو بات پارٹی صدر وچیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے بتائی ہے اس کو بنیاد بناکر ٹی آرایس اور مجلس کو مفاہمتی پارٹی قراردینا افسوس ناک بات ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں سیاسی جماعتیں نہ صرف نظریاتی طور پر علیحدہ ہیںبلکہ دونوں سیاسی جماعتوں کے کام کرنے کا طریقہ بھی الگ ہے۔ دبیر پورہ بلدی حلقہ سے ٹی آ رایس امیدوار محمد عبدلذیشان نے بھی اس موقع پر اعظم علی خرم پر رکن اسمبلی ملک پیٹ کے حملے کی سختی کے ساتھ مذمت کی ۔ ٹی آر ایس میناریٹی سل مہدی پٹنم صدر محمد اصغر حسین ‘ انور سلطان بھی اس موقع پر موجود تھے۔